ناندیڑ: ۱۱؍مارچ (اعتمادنیوز)عدالت کے احاطہ میں پولس تحویل کے ملزموں کے
ساتھ مارپیٹ کرکے پولس والوں کے ساتھ بھی دھکہ بکی کرنے کے معاملے میں دو
نوجوانوں کے خلاف وزیر آباد پولس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق جئے بھارت ملٹی ٹریڈ کمپنی کی جانب سے ناندیڑ شہر کے کئی
لوگوں کو رقم دوگنا دینے کا لالچ دے کر رقم حاصل کی گئی تھی تو کچھ افراد
کو جمع شدہ رقم کے ذریعے سے پلاٹ دینے کا جھانسہ دیا گیاتھا ۔ اس کمپنی کی
جانب سے کروڑوں روپئے کی دھوکہ دہی لوگوں کے ساتھ کی گئی ۔ اےئرپورٹ پولس
اسٹیشن میں کمپنی کے چےئرمین گنپت آڑے اور ڈائرکٹر وجئے راٹھوڑ کے خلاف
گزشتہ دنوں دھوکہ دہی اور سازش کا مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ عدالت میں پیش
کئے جانے پر ابتداء میں ۹؍مارچ تک پولس کسٹڈی میں رکھنے کے احکامات جج نے
دئیے تھے ۔ گزشتہ دوپہر پولس کے بھاری بندوبست میں ان دونوں ملزموں کو
ناندیڑ کی عدالت میں لایاگیاتھا ۔ جج نے مزید دونوں کو ۱۳؍مار چ تک پولس
کسٹڈی میں رکھنے کے احکامات دئیے ہیں ۔ عدالت سے ملزموں کو لے کر گاڑی میں
روانہ کرنے سے قبل عدالت کے احاطہ میں شری کانت نیڑے کر (۳۲سال ) ساکن
سانگوی ناندیڑ اور کمل جیت سنگھ راگھی ساکن سنت کرپا مارکیٹ ناندیڑ ان
دونوں نوجوانوں نے اپنی رقم کے معاملے پر ملزم گنپت آڑے اور وجئے راٹھوڑ کو
مارپیٹ شروع کردی ۔ اسی دوران پولس نے دونوں کو ہٹانے کی کوشش کی تو ان
دونوں نوجوانوں نے پولس کے ساتھ بھی دھکا بکی کی ۔ پولس کانسٹبل شیواجی
نائیک کی شکایت پر وزیر آباد پولس اسٹیشن میں شریکانت نیڑے کر اور کمل جیت
سنگھ کے خلاف سرکاری کام میں رخنہ اندازی ڈالنے اور مارپیٹ کرنے کا مقدمہ
درج کیا گیا ہے ۔